فیصل آباد: مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی بقا اور سلامتی ان شہداء کی مرہونِ منت ہے جنہوں نے ’معرکہء حق‘ میں اپنی جانیں نچھاور کر کے دشمن کے دانت کھٹے کیے۔
فیصل آباد میں شہید حوالدار نوید انصاری کے گھر آمد پر رانا ثناء اللہ نے شہید کے والد اور دیگر اہلخانہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے شہید کی تصویر پر پھول چڑھائے اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ حوالدار نوید انصاری نے میدانِ جنگ میں جس جرات کا مظاہرہ کیا، اس نے دشمن کے ناپاک ارادوں کو مٹی میں ملا دیا۔ آج ہم جو سکون کی سانس لے رہے ہیں، وہ ان شہداء کے لہو کا صدقہ ہے۔
رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو میں ’معرکہء حق‘ کو ملکی تاریخ کا اہم موڑ قرار دیتے ہوئے کہا اس کامیابی نے ثابت کر دیا کہ پاکستان ایک زندہ جاوید قوم ہے جسے کوئی زیر نہیں کر سکتا۔ معرکہء حق میں ملنے والی تاریخی کامیابی کسی سیاسی یا سفارتی کوشش سے پہلے ان جوانوں کی مرہونِ منت ہے جنہوں نے سرحدوں پر سینے پر گولیاں کھائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کے خاندانوں کی دیکھ بھال ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ 'معرکہء حق' کی پہلی سالگرہ پر ہم عہد کرتے ہیں کہ ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور پاکستان کی طرف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ کو یونہی نشانِ عبرت بنا دیا جائے گا۔
’معرکہء حق کے ہیرو قوم کا ماتھے کا جھومر ہیں‘: رانا ثناء اللہ کی شہید حوالدار نوید انصاری کے لواحقین سے ملاقات
03:20 PM, 4 May, 2026