زلمی کا لاہور میں تاریخی معرکہ: حیدرآباد کنگزمین کو شکست، پی ایس ایل ٹرافی بابر اعظم کے نام

11:43 PM, 3 May, 2026

لاہور: پشاور زلمی نے پی ایس ایل الیون کے فائنل میں حیدرآباد کنگزمین کا غرور خاک میں ملا دیا۔ سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے کامیابی سمیٹ کر زلمی نے 8 سال بعد ایک بار پھر چیمپئن ہونے کا تاج اپنے سر سجا لیا۔
پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ حیدرآباد کنگزمین کے اسٹار بلے باز زلمی کے بولنگ اٹیک کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے۔ صائم ایوب کی 54 رنز کی مزاحمت کے باوجود پوری ٹیم 18 اوورز میں محض 129 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ گلین میکسویل اور کوشال پریرا جیسے بڑے نام صفر اور ایک رن پر پویلین لوٹ گئے۔
130 رنز کے تعاقب میں زلمی کی شروعات تباہ کن رہی۔ کپتان بابر اعظم صفر اور محمد حارث محض 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو اسٹیڈیم میں سناٹا چھا گیا۔ ایک وقت میں 40 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ میچ زلمی کے ہاتھ سے نکل چکا ہے، مگر پھر ایرون ہارڈی اور عبدالصمد نے میچ کا نقشہ بدل دیا۔
ایرون ہارڈی نے دباؤ میں اعصاب شکن بیٹنگ کرتے ہوئے 55 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ ان کا بھرپور ساتھ عبدالصمد نے دیا جنہوں نے 48 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر حیدرآباد کے بولرز کو بے بس کر دیا۔ دونوں کے درمیان 85 رنز کی شراکت نے زلمی کی فتح پر مہر ثبت کر دی۔
قذافی سٹیڈیم میں موجود ہزاروں شائقین نے فاتح ٹیم کا والہانہ استقبال کیا۔ ٹورنامنٹ میں 21 وکٹیں لینے والے سفیان مقیم اور ناہید رانا کی واپسی نے زلمی کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا تھا۔ پشاور زلمی کی اس جیت نے ثابت کر دیا کہ وہ اس سیزن کی سب سے مستقل مزاج اور مضبوط ٹیم تھی۔

مزیدخبریں