لاہور: پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے 24ویں میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ یہ مقابلہ لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔
کراچی کنگز کو اس سیزن میں مسلسل انجریز کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے ٹیم نے کئی اہم تبدیلیاں کی ہیں۔ فاسٹ بولر فواد علی ہیمسٹرنگ انجری کے باعث چند میچوں کے لیے باہر ہو گئے ہیں۔
ان کی غیر موجودگی میں شاہنواز ڈاہانی کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے، جو ایڈم ملن کی جگہ کھیلیں گے۔ ملن گھٹنے کی تکلیف کے باعث پہلے ہی پی ایس ایل 10 سے باہر ہو چکے ہیں۔ شاہنواز ڈاہانی 2021 سے 2024 تک ملتان سلطانز کی نمائندگی کر چکے ہیں، اور 27 میچز میں 39 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
ابھرتے ہوئے وکٹ کیپر بیٹر اور انڈر 19 ٹیم کے کپتان سعد بیگ کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جو فواد کی جگہ ایمرجنگ کیٹیگری میں کھیلیں گے۔ سعد نے پہلے دو میچوں میں عمدہ کارکردگی سے سب کو متاثر کیا ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو کراچی کنگز نے سات میچوں میں چار فتوحات کے ساتھ آٹھ پوائنٹس حاصل کیے ہیں اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ لاہور قلندرز آٹھ میچز میں چار فتوحات کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
گزشتہ بار جب دونوں ٹیمیں مدمقابل آئیں تو لاہور نے کراچی کو 85 رنز سے شکست دی تھی۔
کراچی کنگز کو اپنے آخری میچ میں ملتان سلطانز کے خلاف 87 رنز کی جیت سے حوصلہ ملا ہے، جبکہ لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 88 رنز سے شکست دے کر اپنی فارم بحال رکھی، تاہم یکم مئی کو کوئٹہ کے خلاف ان کا میچ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا۔
لاہور کی بیٹنگ لائن میں عبداللہ شفیق اور فخر زمان بھرپور فارم میں ہیں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی کی بولنگ نے حریفوں کو پریشان کیا ہے۔
دوسری جانب کراچی کنگز اپنے کپتان ڈیوڈ وارنر اور تجربہ کار ٹِم سیفرٹ کی بلے بازی پر انحصار کریں گے تاکہ میچ کا آغاز بہتر ہو۔