اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور سینیٹر شیری رحمٰن نے بھارت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت کو سینسرشپ کی بجائے شواہد پیش کرنے چاہئیں۔
شیری رحمٰن نے پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے دوران پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کو بھارت میں بلاک کرنے پر شدید ردِعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان کی آواز ہیں، اور ان کا اکاؤنٹ بلاک کرنا بھارت کی جھوٹی بیانیہ کو بے نقاب کرتا ہے۔
پی پی پی کی سینیٹر نے مزید کہا کہ مودی حکومت کو یہ بات ذہن نشین کرنی چاہیے کہ آوازوں کو دبانے سے حقیقت کبھی نہیں چھپ سکتی، اور بھارت کے حالیہ اقدامات اور پہلگام واقعہ پاکستانی موقف کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔
شیری رحمٰن نے بھارت کو پھر سے متنبہ کیا کہ وہ سینسرشپ کا سہارا لینے کے بجائے سچ کے ساتھ سامنے آئے اور ٹھوس شواہد پیش کرے۔