بلاول بھٹو کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے پر پیپلز پارٹی کا بھارت کے خلاف شدید بیان

07:11 PM, 4 May, 2025

اسلام آباد : بھارتی حکومت نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا ایکس اکاؤنٹ معطل کر دیا ہے۔ پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما شیری رحمٰن نے اس اقدام کی شدید مذمت کی اور کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کا الزام پاکستان پر عائد کیا، مگر سچ سامنے آنے پر مودی حکومت اب گھبراہٹ کا شکار ہے۔

شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت کے اقدامات نے پاکستان کے موقف کو مزید مضبوط کیا ہے، اور مودی حکومت کو یہ پیغام دیا کہ آوازیں دبانے سے سچ چھپ نہیں سکتا۔


بلاول ہاؤس کے ترجمان سریندر ولاسائی نے بھارت کی جانب سے بلاول بھٹو کا ایکس اکاؤنٹ بلاک کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس سے یہ واضح ہو گیا کہ مودی سرکار بلاول بھٹو سے خوفزدہ ہے۔ انہوں نے بھارت کو غیر جموہوری ملک اور مودی کو کمزور شخص قرار دیا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے پہلگام معاملے پر بیانیے نے مودی کی برداشت کا پیمانہ توڑ دیا، اور بھارت کا یہ اقدام شتر مرغ کی طرح ریت میں سر چھپانے کے مترادف ہے۔


ترجمان نے یہ بھی کہا کہ بلاول بھٹو زرداری وہ شخصیت ہیں جنہوں نے گجرات کے قصائی کو پہلی بار دنیا کے سامنے بے نقاب کیا، اور وہ ہمیشہ مودی کے جنگی جنون کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔

مزیدخبریں