محسن نقوی کی عمانی وزیر داخلہ سے ملاقات، پاکستانی قیدیوں کی واپسی پر بات چیت

07:04 PM, 4 May, 2025

مسقط : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عمان کے دارالحکومت مسقط میں عمانی وزیر داخلہ سید حمود بن فیصل البوسیدی سے ملاقات کی، جہاں پاکستان نے بھارت کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے حوالے سے اپنے موقف سے آگاہ کیا۔

اس ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بھارت کی الزامات کی سیاست خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا رہی ہے، اور پاکستان کا مؤقف یہ ہے کہ اگر بھارت کی طرف سے جنگ مسلط کی گئی تو پاکستان مضبوط اور فیصلہ کن جواب دے گا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور وہ ہمیشہ خطے میں پائیدار امن کے لیے کوشاں رہتا ہے۔

انہوں نے عمان کے بین الاقوامی امن کے فروغ میں کردار کی تعریف کی اور کہا کہ عمان کا امن کی کوششوں میں حصہ لینا بہت قابل قدر ہے۔


ملاقات کے دوران، دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کی مزید ترقی اور فروغ کے لیے مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے عمان میں پاکستانیوں کو ویزا کے مسائل، منشیات کی روک تھام، سمگلنگ کی روک تھام، پولیس ٹریننگ، اور کوسٹل گارڈز کے حوالے سے تعاون کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں ممالک نے اسلام آباد اور مسقط کو سسٹر سٹیز قرار دینے پر اتفاق کیا۔

محسن نقوی نے عمان کے سلطان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے عید کے موقع پر عمان کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کے لیے معافی کا اعلان کیا تھا۔ دونوں رہنماؤں نے عمانی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مزید تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔


وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے تعلقات بھائیوں اور ہمسایوں کے جیسے ہیں اور دونوں ممالک ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے مشترکہ طور پر اقدامات کریں گے۔

عمانی وزیر داخلہ سید حمود بن فیصل البوسیدی نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے تعلقات ہمیشہ برادرانہ اور تاریخی رہے ہیں اور دونوں ممالک کو مل کر ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہوگا۔

اس ملاقات میں عمان کی وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام اور پاکستان کے سفیر سید نوید صفدر بخاری بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں