پنجاب میں گاڑیوں کے ٹیکس کی مد میں ریکارڈ آمدن، 10 ماہ میں 13 ارب 42 کروڑ روپے جمع

05:48 PM, 4 May, 2025

لاہور :محکمہ ایکسائز پنجاب نے مالی سال کے پہلے دس ماہ کے دوران گاڑیوں سے متعلق ٹیکسز کی مد میں 13 ارب 42 کروڑ روپے سے زائد کی رقم اکٹھی کر لی، جو کہ گزشتہ سال کی نسبت 4 ارب 13 کروڑ روپے زیادہ ہے۔

ترجمان محکمہ کے مطابق، گاڑیوں کی رجسٹریشن، ملکیت کی تبدیلی، لگژری ٹیکس اور ٹوکن ٹیکس کی مد میں یہ رقوم حاصل کی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمے نے اس مدت میں اپنا ہدف نہ صرف مکمل کیا بلکہ 103 فیصد وصولی کے ساتھ اضافی کارکردگی بھی دکھائی۔

تفصیلی اعدادوشمار درج ذیل ہیں:رجسٹریشن فیس سے آمدن: 6 ارب 32 کروڑ 72 لاکھ روپے،ملکیت کی تبدیلی (ٹرانسفر) سے: 1 ارب 35 کروڑ 58 لاکھ روپے،لگژری ٹیکس سے: 40 لاکھ روپے،ٹوکن ٹیکس سے: 5 ارب 74 کروڑ 28 لاکھ روپے
ڈائریکٹر ایکسائز کے مطابق، محکمے کی بہتر حکمت عملی، جدید سسٹمز اور شہریوں کی بڑھتی ہوئی ذمہ داری کے باعث ریکوری میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے ٹیکس وقت پر ادا کریں تاکہ قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔

مزیدخبریں