مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان متحرک: وزیراعظم کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح کا پارلیمانی اجلاس

04:35 PM, 4 Mar, 2026

اسلام آباد: مشرقِ وسطیٰ اور خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیشِ نظر وزیراعظم شہباز شریف نے پارلیمانی رہنماؤں کو ان کیمرہ بریفنگ دی، جس میں ملک کی سیاسی قیادت کو پاکستان کی حالیہ سفارتی کوششوں اور خطے کی صورتحال پر اعتماد میں لیا گیا۔اجلاس کے دوران دفترِ خارجہ کے حکام نے شرکاء کو بتایا کہ پاکستان نے ایران اور مشرقِ وسطیٰ میں تناؤ کی شدت کم کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کی ہیں۔
 حکام نے واضح کیا کہ پاکستان نے آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت اور ایرانی سر زمین پر حملوں کی فوری مذمت کر کے اپنا واضح موقف دنیا کے سامنے رکھا۔ بریفنگ میں پاکستان ،افغانستان تعلقات اور خلیج میں جاری صورتحال پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔اجلاس میں شریک پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور دیگر رہنماؤں نے حکومت کی سفارتی پالیسی کو سراہا۔
شرکاء نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پختہ عزم کا اعادہ کیا اور وزیراعظم کے اس اقدام کی تعریف کی کہ انہوں نے حساس معاملات پر تمام سیاسی قیادت کو ایک میز پر بٹھایا۔جہاں حکومت کی اتحادی جماعتوں اور دیگر سینیٹرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی، وہیں پاکستان تحریکِ انصاف (PTI)، اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس نے اس اہم بریفنگ سے دوری اختیار کی اور اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، یوسف رضا گیلانی، ایاز صادق، احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، شیری رحمان، انوار الحق کاکڑ اور دیگر اہم سیاسی شخصیات موجود تھیں۔

مزیدخبریں