بنوں: بنوں کینٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا حملہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے ناکام بنا دیا گیا، جس کے نتیجے میں چھ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، دہشت گردوں نے افطار کے بعد بنوں کینٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی۔ سیکیورٹی فورسز نے ان کی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے چھ خوارج کو مختلف انٹری پوائنٹس پر ہلاک کر دیا۔ دہشت گردوں نے بارود سے لدی دو گاڑیاں بنوں کینٹ کی دیوار سے ٹکرا کر دھماکے کیے، جس سے مسجد کو نقصان پہنچا اور ایک رہائشی گھر کی چھت گر گئی۔
ذرائع کے مطابق، دہشت گردوں کے باقی ارکان کو محصور کر لیا گیا ہے اور سیکیورٹی فورسز کا کلیرنس آپریشن جاری ہے۔ دھماکے کے نتیجے میں کچھ شہری زخمی ہوئے ہیں، اور کچھ شہادتوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کرنے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ مزید دہشت گردانہ حملوں کو روکا جا سکے۔