کراچی: بشریٰ انصاری نے ڈیلی وی لاگنگ کرنے والے یوٹیوبرز کے ویڈیوز دیکھنے والوں پر حیرانی کا اظہار کیا۔
پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے ایک نجی ٹی وی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کرتے ہوئے یوٹیوبرز کی ڈیلی وی لاگنگ کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایک مختلف دنیا سے تعلق رکھتے ہیں، اور ہمیں یہ سمجھنے میں مشکل پیش آتی ہے کہ یہ کون سی مخلوق ہے جو یوٹیوب اور ٹک ٹاک جیسے پلیٹ فارمز سے کروڑوں اور اربوں روپے کما رہی ہے۔ بشریٰ انصاری نے کہا کہ وہ ایک دو یوٹیوبرز اور ٹک ٹاکرز کو تلاش کر رہی تھیں، مگر انہیں یہ نہیں معلوم کہ ان کے ویڈیوز کہاں دیکھیں اور کون لوگ ان کو دیکھتے ہیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ وہ یوٹیوبرز کے کانٹینٹ کو دیکھ کر تو حیران ہوتی ہیں، لیکن ان سے زیادہ حیرانی انہیں ان ویڈیوز کو دیکھنے والوں پر ہوتی ہے۔