تیسرا ون ڈے میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 4 وکٹ سے شکست دے دی

11:39 PM, 4 Jun, 2026

لاہور: پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔

قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستانی بولرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو 157 رنز پر ڈھیر کر دیا۔

آسٹریلوی کپتان جوش انگلس 65 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ مارنس لبوشین اور ایلکس کیری نے 19، 19 رنز بنائے۔ ایڈم زیمپا 10 رنز کے ساتھ ڈبل فگر میں داخل ہونے والے دیگر کھلاڑی تھے۔ اس کے علاوہ کوئی بھی بیٹر خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ شاداب خان اور ابرار احمد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ حارث رؤف نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔

158 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو ابتدائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ صاحبزادہ فرحان صرف 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، جبکہ معاذ صداقت نے 27 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو بہتر آغاز فراہم کیا۔

مشکل وکٹ پر بیٹنگ آسان نہ تھی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ غازی غوری 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سلمان علی آغا اور بابر اعظم نے چوتھی وکٹ کے لیے 33 رنز کی شراکت قائم کی۔

بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 85 گیندوں پر 40 رنز بنائے، تاہم 112 کے مجموعے پر ان کی وکٹ گرنے سے میچ ایک بار پھر دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا۔ اسی اسکور پر عرفات منہاس بھی پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر شاداب خان اور عبدالصمد نے اعصاب شکن صورتحال میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ساتویں وکٹ کے لیے ناقابل شکست 49 رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔ شاداب خان 29 اور عبدالصمد 18 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے سیریز 1-2 سے جیت کر آسٹریلیا کے خلاف اہم فتح اپنے نام کر لی۔

مزیدخبریں