خطے میں امن کے لیے امریکی کوششیں قابلِ تحسین ہیں:شہباز شریف

10:51 PM, 4 Jun, 2026

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے قیام کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بروقت اور مؤثر مداخلت کے نتیجے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی۔

امریکا کی آزادی کی 250ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ امریکا کی تاریخ جدت، امید اور ترقی کی ایک روشن مثال ہے، جبکہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات مختلف شعبوں میں مضبوط اور دیرپا بنیادوں پر قائم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے سفارتی تعلقات تقریباً آٹھ دہائیوں پر محیط ہیں۔ قیام پاکستان کے بعد امریکا ان ابتدائی ممالک میں شامل تھا جنہوں نے پاکستان کو تسلیم کیا، اور یہ طویل شراکت داری آج بھی باہمی اعتماد اور تعاون کے جذبے کے ساتھ جاری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ امریکا نے پاکستان کے زرعی شعبے اور سبز انقلاب کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، جس کے اثرات آج بھی ملکی معیشت میں محسوس کیے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہزاروں پاکستانی طلبہ امریکا میں اعلیٰ تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت حاصل کر رہے ہیں، جبکہ بڑی تعداد میں پاکستانی امریکا کو اپنا دوسرا گھر تصور کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کمیونٹی امریکی معیشت اور مختلف سماجی و پیشہ ورانہ شعبوں میں فعال کردار ادا کر رہی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات وسیع، کثیرالجہتی اور مسلسل ترقی پذیر ہیں، جو وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔

مزیدخبریں