راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے دو مختلف انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دونوں کارروائیاں 3 اور 4 جون کی درمیانی شب خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں۔
پہلی کارروائی ڈیرہ اسماعیل خان میں کی گئی جہاں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ان کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو دہشتگرد مارے گئے۔
دوسری کارروائی ضلع مہمند میں کی گئی جس کے دوران مزید دو دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔ آپریشن کے بعد علاقے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگرد متعدد تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے جبکہ علاقے میں موجود دیگر عناصر کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ غیرملکی حمایت یافتہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشتگردی آپریشنز جاری رہیں گے۔