نیوزی لینڈ فٹبالر ٹِم پین اور ارجنٹائنی انفلوئنسر آمنے سامنے

08:39 PM, 4 Jun, 2026

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کے فٹبالر ٹِم پین نے بدھ کے روز ارجنٹائن کے معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر ویلن اسکارسینی سے پہلی مرتبہ ملاقات کی، جنہوں نے ایک وائرل مہم کے ذریعے ان کی عالمی سطح پر غیر معمولی شہرت میں نمایاں کردار ادا کیا تھا۔

ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے ڈیجیٹل کانٹینٹ کریئیٹر ویلن اسکارسینی، جو "ایل اسکارسو" کے نام سے جانے جاتے ہیں، نے گزشتہ ہفتے اپنے فالوورز سے اپیل کی تھی کہ وہ فیفا ورلڈ کپ میں شریک نسبتاً کم معروف نیوزی لینڈ فٹبالر ٹِم پین کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر فالو کریں۔

اس اپیل کے بعد سوشل میڈیا پر زبردست ردِعمل دیکھنے میں آیا اور ٹِم پین کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد محض چند دنوں میں 4 ہزار سے بڑھ کر 49 لاکھ تک پہنچ گئی۔

دونوں شخصیات کی پہلی ملاقات فلوریڈا میں نیوزی لینڈ ٹیم کے تربیتی کیمپ کے دوران ہوئی، جہاں ٹِم پین نے اسکارسینی کا شکریہ ادا کیا اور انہیں قومی ٹیم کی جرسی پیش کی۔

اس موقع پر ٹِم پین نے کہا کہ اس غیر متوقع شہرت نے نہ صرف ان کی ذاتی شناخت کو اجاگر کیا ہے بلکہ نیوزی لینڈ فٹبال کو بھی عالمی سطح پر نئی توجہ دلائی ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنی شخصیت اور کھیل کے انداز میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی مکمل توجہ اپنے ملک کے لیے بہترین کارکردگی دکھانے پر مرکوز ہے۔ ملاقات کے دوران ویلن اسکارسینی نے مزاحیہ انداز میں ٹِم پین کو ارجنٹائن کے دورے کی دعوت بھی دی۔
 

مزیدخبریں