واٹس ایپ کا نیا اسکام الرٹ فیچر، فراڈ سے بچاؤ کے لیے آزمائش شروع

07:00 PM, 4 Jun, 2026

کیلیفورنیا:  واٹس ایپ نے صارفین کو آن لائن دھوکہ دہی اور مشکوک پیغامات سے محفوظ رکھنے کے لیے ایک نئے سیکیورٹی فیچر کی آزمائش شروع کر دی ہے، جس کے تحت ممکنہ فراڈ کے بارے میں پیشگی انتباہ فراہم کیا جائے گا۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق "اسکام الرٹ" نامی یہ فیچر فی الوقت واٹس ایپ کے بیٹا ورژن میں شامل کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد ایسے پیغامات کی شناخت کرنا ہے جو غیر معروف نمبرز یا غیر محفوظ ذرائع سے موصول ہوں، تاکہ صارفین انہیں دیکھ کر محتاط رویہ اختیار کر سکیں۔

اس نئے نظام کے تحت واٹس ایپ کسی بھی مشتبہ پیغام کو خودکار طور پر حذف یا بلاک نہیں کرے گا، بلکہ چیٹ کے اندر ہی وارننگ دکھائی جائے گی۔ اس کے بعد صارفین کے پاس یہ اختیار ہوگا کہ وہ متعلقہ نمبر کو بلاک کریں، رپورٹ کریں یا گفتگو جاری رکھیں۔

رپورٹ کے مطابق اس فیچر کا بنیادی مقصد صارفین کو ابتدائی مرحلے پر ہی ممکنہ فراڈ سے آگاہ کرنا ہے۔ واٹس ایپ نے واضح کیا ہے کہ مشکوک سرگرمیوں کا تجزیہ صارف کے موبائل فون پر ہی کیا جائے گا اور پیغامات کا مواد کمپنی کے سرورز پر منتقل نہیں ہوگا، جس سے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن برقرار رہے گی۔

مزید بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ اس سے قبل بھی وائس میسج ٹرانسکرپشن جیسے فیچرز کے لیے ڈیوائس پر مبنی ٹیکنالوجی استعمال کر چکا ہے۔ کمپنی اس وقت مقامی ایکٹیویٹی لاگز کے نظام پر بھی کام کر رہی ہے، جہاں اسکام الرٹس سے متعلق معلومات محفوظ کی جا سکیں گی۔

فی الحال یہ سہولت آپشنل ہے اور اسے ازخود فعال نہیں کیا جائے گا۔ صارفین کو اسے دستی طور پر آن کرنا ہوگا۔ چونکہ یہ فیچر ابھی آزمائشی مرحلے میں ہے، اس لیے اس کی عام صارفین کے لیے دستیابی کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

مزیدخبریں