اسلام آباد: ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی نے میڈیا بریفنگ کے دوران پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیوں کا احاطہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا دیکھ رہی ہے کہ پاکستان مشرقِ وسطیٰ کے بحران کو حل کرنے کے لیے کس طرح مخلصانہ کوششیں کر رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ امریکی قیادت اور مارکو روبیو نے پاکستان کے ثالثی کے کردار کو سراہا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ فلسطین میں معصوم شہریوں پر اسرائیلی بربریت کسی صورت قابلِ قبول نہیں اور پاکستان ہر فورم پر اس کے خلاف آواز بلند کرتا رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے خطے کی صورتحال پر ایران اور کویت کے سربراہوں سے ٹیلیفون پر اہم مشاورت کی ہے، جبکہ وزیراعظم کا حالیہ دورۂ چین بھی دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوا ہے۔