ملک بھر میں گرمی کی شدت برقرار، بالائی علاقوں میں بارش سے موسم سہانا

07:44 PM, 4 Jun, 2025

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ تر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم کشمیر، گلگت بلتستان، شمال مشرقی بلوچستان اور پنجاب کے بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

ادارے کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور مشرقی و وسطی پنجاب میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ گزشتہ روز بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔

کئی مقامات پر بارش ہوئی، جن میں راولاکوٹ میں 21 ملی میٹر، کاکول میں 17، مری میں 10، مظفرآباد میں 10، سیدو شریف میں 13، اسلام آباد ایئرپورٹ پر 6 اور اسکردو میں 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ملک کے جنوبی اور وسطی حصوں میں درجہ حرارت میں اضافہ دیکھا گیا، سبی میں پارہ 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، جبکہ شہید بینظیر آباد میں 45، اور تربت و دادو میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

ادھر پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں بادلوں کا ڈیرہ ہے۔ مری میں موسلا دھار بارش اور تیز ہواؤں کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا اور درجہ حرارت 15 ڈگری تک گر گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گوجرخان، جہلم، اوکاڑہ اور حویلی لکھا میں تیز ہوا کے ساتھ بارش شروع ہو چکی ہے، جبکہ ایبٹ آباد اور دیگر بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے بعد خنکی بڑھ گئی ہے اور شہریوں نے دوبارہ گرم کپڑے نکال لیے ہیں۔

 
 

مزیدخبریں