اقوام متحدہ میں پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کیا گیا : ترجمان دفتر خارجہ

02:15 PM, 4 Jun, 2025

اسلام آباد: دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ایک اعلیٰ سطح پارلیمانی وفد نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر کا کامیاب دورہ مکمل کیا، جہاں پاکستان کا مؤقف موثر اور بھرپور انداز میں عالمی برادری کے سامنے رکھا گیا۔

یہ وفد سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں اقوام متحدہ گیا، جہاں انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل کے صدور، مختلف ممالک کے نمائندوں، او آئی سی کے سفیروں، تھنک ٹینکس، میڈیا اور پاکستانی کمیونٹی سے ملاقاتیں کیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس دورے کا مقصد عالمی سطح پر پاکستان کا وہ مؤقف پیش کرنا تھا جو خطے میں امن و استحکام، بھارت کے اشتعال انگیز اقدامات، اور سندھ طاس معاہدے جیسے حساس معاملات پر پاکستان کی تشویش سے متعلق ہے۔

وفد نے دنیا کو بتایا کہ بھارت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ، بلااشتعال حملے، اشتعال انگیز بیانات اور معاہدوں کی خلاف ورزی خطے کے امن کے لیے بڑا خطرہ ہے۔ پاکستان نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ان معاملات پر اپنا کردار ادا کریں۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی وفد نے بھارتی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے بھارت کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے شواہد بھی عالمی برادری کے سامنے رکھے۔ ساتھ ہی یہ پیغام بھی دیا گیا کہ پاکستان امن چاہتا ہے، مگر اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

دورے میں بار بار اس بات پر زور دیا گیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن صرف تب ممکن ہے جب مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے۔

وفد میں بلاول بھٹو کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر مصدق ملک، شیری رحمان، حنا ربانی کھر، خرم دستگیر، فیصل سبزواری، بشریٰ انجم بٹ، جلیل عباس جیلانی اور تہمینہ جنجوعہ شامل تھے۔

مزیدخبریں