ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس: مرکزی ملزم عمر حیات 14 دن کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

01:38 PM, 4 Jun, 2025

اسلام آباد : اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کے کیس میں گرفتار مرکزی ملزم عمر حیات کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا ہے۔

یہ کیس جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل کی عدالت میں پیش ہوا، جہاں پولیس نے ملزم کو سخت سیکیورٹی میں، چہرہ ڈھانپ کر عدالت لایا۔ پولیس نے عدالت سے ملزم کے جسمانی ریمانڈ اور شناخت پریڈ کی اجازت مانگی۔

سماعت کے دوران پراسیکیوٹرز کی غیر موجودگی پر جج نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور فوری طور پر ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر کو عدالت میں طلب کر لیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب تک پراسیکیوٹر موجود نہیں ہوتا، کیس کی کارروائی آگے نہیں بڑھے گی۔

تھوڑی دیر بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو عدالت نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے ملزم کو 14 دن کے لیے جیل بھیجنے اور شناخت پریڈ کرانے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ شناخت پریڈ مکمل ہونے تک ملزم کو کسی سے ملاقات نہ کرنے دی جائے۔ اس کے ساتھ پولیس کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ 18 جون سے پہلے شناخت پریڈ کی رپورٹ عدالت میں پیش کرے۔

مزیدخبریں