بچوں کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے، مریم نواز

01:24 PM, 4 Jun, 2025

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ بچوں کو ہر قسم کے تشدد اور ظلم سے بچانا صرف حکومت نہیں، بلکہ معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔

عالمی دن برائے جارحیت کے شکار معصوم بچوں کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ دنیا بھر کے وہ بچے، جو جنگ، ظلم یا کسی بھی قسم کے تشدد کا شکار ہیں، ان کے درد کو سمجھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسا ماحول بنانا ہوگا جہاں بچے خوف اور عدم تحفظ کے بجائے امن اور سکون میں پروان چڑھیں۔ غزہ میں اسرائیلی بمباری سے شہید بچوں کی لاشیں اور کشمیر میں معصوموں کی سسکیاں دنیا کی بے حسی کو بے نقاب کر رہی ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ بدقسمتی سے بچے صرف جنگ کے دوران ہی نہیں، امن کے وقت بھی تشدد کا شکار ہوتے ہیں، اور ان کی سلامتی کی ذمہ داری ہم سب پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب حکومت نے پہلی بار چائلڈ پروٹیکشن پالیسی منظور کی ہے، اور ہم سب کو مل کر بچوں کا محفوظ مستقبل یقینی بنانا ہوگا۔

مزیدخبریں