بلاول بھٹو کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات، بھارت کے الزامات کو مسترد کر دیا

09:54 AM, 4 Jun, 2025

نیویارک: بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستانی وفد نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی، جس میں پہلگام حملے کے بعد کی صورتحال اور پاکستان کے مؤقف پر بات چیت ہوئی۔

ملاقات کے دوران بلاول بھٹو نے بھارت کی جانب سے بغیر کسی تحقیق کے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سربراہ کو وزیراعظم شہباز شریف کا خط بھی پیش کیا، جس میں پاکستان کی پوزیشن اور خدشات واضح کیے گئے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت کے یکطرفہ فوجی اقدامات نہ صرف خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں بلکہ یہ ایک بڑے تنازعے کو جنم دے سکتے ہیں، خاص طور پر جب دونوں ممالک ایٹمی طاقت رکھتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت پاکستان پر پانی کی بندش کے ذریعے ایک نئی آبی جنگ مسلط کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ اقوام متحدہ اس معاملے پر خاموش نہ رہے بلکہ آگے بڑھ کر کردار ادا کرے تاکہ سندھ طاس معاہدہ بحال ہو اور کشیدگی میں کمی آئے۔

سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان کی امن کی خواہش کو سراہا اور کہا کہ اقوام متحدہ جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اقوام متحدہ مسائل کے پرامن حل اور بات چیت کے ذریعے کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

مزیدخبریں