قومی اقتصادی کونسل کا اہم اجلاس آج ہوگا، ترقیاتی بجٹ اور معاشی اہداف زیر غور آئیں گے

09:45 AM, 4 Jun, 2025

اسلام آباد: قومی اقتصادی کونسل کا اہم اجلاس آج سہ پہر 3 بجے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا۔ اس اجلاس میں وفاقی وزراء کے ساتھ ساتھ چاروں صوبوں کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئندہ مالی سال 2025-26 کے لیے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی جائے گی، جس کا حجم تقریباً 4 ہزار ارب روپے ہونے کا امکان ہے۔ وفاقی ترقیاتی پروگرام (PSDP) کے لیے ایک ہزار ارب روپے مختص کیے جانے کی تجویز زیر غور آئے گی۔

اس کے علاوہ اجلاس میں ملک کی معاشی سمت کے تعین کے لیے میکرو اکنامک فریم ورک، جی ڈی پی کی شرح نمو، زراعت، صنعت اور خدمات کے شعبوں کے اہداف کی منظوری دی جائے گی۔ اجلاس میں سالانہ پلان کوآرڈینیشن کمیٹی (APCC) کی سفارشات کا جائزہ لے کر حتمی فیصلے کیے جائیں گے۔ یہ اجلاس بجٹ 2025-26 کی تیاری کا ایک اہم مرحلہ ہے۔

واضح رہے کہ یہ اجلاس پہلے 5 جون کو ہونا تھا، تاہم اب اسے ایک روز پہلے یعنی آج طلب کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں