اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے برطانوی اخبار دی گارڈین کی خبر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی خودساختہ عالمی ساکھ اور امیج مینجمنٹ کی پالیسی اب کھل کر سامنے آ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوروں سے چند روز قبل اعزازات کا اجراء محض امیج مینجمنٹ کا حصہ ہے، جبکہ سرٹیفکیٹس میں املا کی غلطیاں بھی شرمندگی کا باعث بنی ہیں۔ وفاقی وزیر نے سوال اٹھایا کہ ایک ہی شخصیت کو پہلا اور واحد اعزاز دینا بھی کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔
عطا تارڑ کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ان اعزازات کو عالمی سطح پر پذیرائی کے ثبوت کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی، تاہم زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نفرت انگیز پالیسیوں اور عالمی تشہیر میں واضح تضاد پایا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی بیرون ملک اعزازات حاصل کر رہے ہیں جبکہ اندرون ملک عوام مہنگائی اور دیگر مسائل سے دوچار ہیں۔ ان کے مطابق مصنوعی وقار کی سیاست اب بے نقاب ہو رہی ہے اور بھارت کی امیج بلڈنگ حکمت عملی عالمی سطح پر سوالات کی زد میں ہے۔