پاکستان توانائی کے شعبے میں ترک سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش منزل، علی پرویز ملک کی سرمایہ کاری کی دعوت

08:32 PM, 4 Jul, 2026

استنبول: وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے ترکیہ کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کے توانائی اور معدنی وسائل کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار ماحول اور بہترین مواقع فراہم کر رہی ہے۔

پاکستان۔ترکیہ بزنس ٹو بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان میں تیل اور گیس کی طلب مقامی پیداوار سے کہیں زیادہ ہے، جس کے باعث اس شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کے پھیلاؤ کے ساتھ توانائی کی ضروریات میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ اس وقت پاکستان میں تیل اور گیس کی تلاش کے 178 فعال لائسنسز جاری کیے جا چکے ہیں، جو توانائی کے شعبے میں بڑھتی ہوئی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے مواقع کا واضح ثبوت ہیں۔

انہوں نے ترک کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ تیل و گیس، کان کنی اور معدنیات کے شعبوں میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنا کر باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے حجم میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

مزیدخبریں