ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کریتی سینن کا کہنا ہے کہ شوبز انڈسٹری میں آج بھی خواتین اور مرد فنکاروں کے ساتھ یکساں برتاؤ نہیں کیا جاتا، اور کئی مواقع پر اداکاراؤں کو مختلف رویوں اور معیار کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ایک یوٹیوب انٹرویو میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کریتی سینن نے فلمی دنیا میں اپنے تجربات شیئر کیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی اداکارہ اپنے کردار یا کسی منظر کے حوالے سے رائے دے یا سوال اٹھائے تو اسے اکثر نخرے کرنے والی یا غیر ضروری مطالبات کرنے والی شخصیت سمجھ لیا جاتا ہے، جبکہ مرد اداکار کی یہی دلچسپی اس کی پیشہ ورانہ وابستگی قرار دی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلموں کی شوٹنگ کے دوران مرد فنکاروں کو بعض اوقات زیادہ بہتر سہولتیں اور ترجیح دی جاتی ہے، جبکہ خواتین اداکاراؤں کو وہ اہمیت نہیں ملتی جس کی وہ مستحق ہوتی ہیں۔ ان کے بقول کئی مواقع پر پروڈکشن ٹیم کا رویہ بھی مرد اداکاروں کے مقابلے میں خواتین کے ساتھ مختلف ہوتا ہے۔
کریتی سینن کا کہنا تھا کہ اصل مسئلہ سہولتوں کا فرق نہیں بلکہ وہ سوچ ہے جس کے تحت خواتین کو کم اہم یا ثانوی حیثیت دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ اب فلم ساز خواتین پر مبنی مضبوط اور مؤثر کردار تخلیق کر رہے ہیں، جس سے صورتحال پہلے کے مقابلے میں بہتر ہوئی ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ اگرچہ فلمی صنعت میں مثبت تبدیلیاں آ رہی ہیں، تاہم مکمل برابری کے حصول کے لیے ابھی مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ کریتی سینن کی حالیہ فلم کاک ٹیل 2 نے عالمی باکس آفس پر 137 کروڑ روپے سے زائد کا کاروبار کیا۔