پاکستان کے امن اقدامات عالمی سطح پر قابلِ ستائش ہیں: ترک صدر

07:43 PM, 4 Jul, 2026

استنبول: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت عالمی سطح پر امن کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے، جبکہ ترکیہ خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے پاکستان کی کوششوں کی مسلسل حمایت کرتا رہے گا۔

استنبول میں وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر اردوان نے وزیراعظم اور پاکستانی وفد کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات میں پاک۔ترکیہ تعلقات، خطے کی تازہ صورتحال اور عالمی معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی، جبکہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

رجب طیب اردوان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط برادرانہ روابط ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خصوصی اقتصادی زونز سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر پیش رفت کے لیے متعلقہ ادارے باہمی رابطے برقرار رکھیں گے، جبکہ پاکستان اور ترکیہ مستقبل میں بھی ہر اہم موقع پر ایک دوسرے کا ساتھ دیتے رہیں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے صدر اردوان کی گرمجوش میزبانی پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات محض سفارتی نہیں بلکہ تاریخی، مذہبی اور عوامی رشتوں پر استوار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے ہر آزمائش میں پاکستان کا ہاتھ تھاما، خواہ قدرتی آفات ہوں یا دیگر مشکل حالات۔ وزیراعظم نے مظفر گڑھ، سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور زلزلہ زدہ خطوں میں ترکیہ کی امدادی سرگرمیوں کو ناقابلِ فراموش قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اس تعاون کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی رہے گی۔

مزیدخبریں