کراچی: ملک میں مسلسل دو روز تک اضافے کے بعد سونے کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 1100 روپے کی کمی کے بعد 4 لاکھ 39 ہزار 836 روپے پر آگیا ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 943 روپے کم ہو کر 3 لاکھ 77 ہزار 88 روپے ریکارڈ کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا تھا، جس کے تحت فی تولہ سونا 12 ہزار 200 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 40 ہزار 936 روپے تک پہنچ گیا تھا، جبکہ 10 گرام سونا 10 ہزار 459 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 78 ہزار 31 روپے میں فروخت ہوا تھا۔
عالمی بلین مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری رہا۔ اسپاٹ گولڈ کی قیمت ایک فیصد اضافے کے ساتھ 4,165 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی، جو 23 جون کے بعد بلند ترین سطح کے قریب شمار کی جا رہی ہے۔ اسی طرح امریکی گولڈ فیوچرز میں بھی 1.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
مارکیٹ ماہرین کے مطابق امریکی لیبر مارکیٹ کے کمزور اعداد و شمار کے باعث مہنگائی اور شرح سود میں مزید اضافے کے خدشات میں کمی آئی، جس کے نتیجے میں سونے کی قیمتوں کو سہارا ملا۔ جون کے دوران نان فارم پے رولز میں صرف 57 ہزار نئی ملازمتوں کا اضافہ ہوا، جو کہ 110 ہزار کی پیشگوئی سے کافی کم ہے۔
ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکی ڈالر کی قدر میں ہفتہ وار کمی بھی سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کی اہم وجہ بنی ہے، کیونکہ ڈالر کمزور ہونے سے دیگر کرنسی رکھنے والے سرمایہ کاروں کے لیے سونا نسبتاً سستا ہو جاتا ہے۔