سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ “معرکہ حق” کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران پاکستان نے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں جن کی مثال گزشتہ کئی دہائیوں میں نہیں ملتی۔
سپیریئر کالج سیالکوٹ کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان جو ماضی میں دہشت گردی کے حوالے سے جانا جاتا تھا، اب امن اور استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے۔
خواجہ آصف کے مطابق خطے کو ممکنہ تباہی سے بچانے میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا اہم کردار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درست سمت میں لے جانے کے لیے مربوط پالیسیوں نے مثبت نتائج دیے ہیں۔
وزیر دفاع نے سیاستدانوں کو مشورہ دیا کہ وہ ذاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی ترقی پر توجہ دیں، کیونکہ باہمی کشمکش سے ملک کو نقصان پہنچتا ہے اور نئی نسل کی رہنمائی متاثر ہوتی ہے۔