رجسٹریشن کے بغیر کوئی سکول نہیں چلے گا، پنجاب بھر میں کارروائی، 744 اداروں کو نوٹس

10:40 AM, 4 Jul, 2026

لاہور: وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے واضح کیا ہے کہ صوبے میں اب کوئی بھی سکول یا اکیڈمی رجسٹریشن کے بغیر کام نہیں کر سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی حفاظت حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور تعلیمی اداروں کو مقررہ قوانین اور حفاظتی معیارات پر ہر صورت عمل کرنا ہوگا۔

رانا سکندر حیات کی ہدایت پر محکمہ تعلیم نے غیر رجسٹرڈ تعلیمی اداروں کے خلاف صوبہ بھر میں کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز نے ایک ہی روز میں 744 غیر رجسٹرڈ سکولوں اور اکیڈمیوں کو نوٹس جاری کر دیے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ حکومت کا مقصد کسی ادارے کو بند کرنا نہیں بلکہ تمام سکولوں کو قانونی دائرہ کار میں لا کر طلبہ کو محفوظ اور معیاری تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ غیر رجسٹرڈ اداروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھی جائے اور رجسٹریشن کے عمل کو بھی تیز کیا جائے۔

مزیدخبریں