تہران: ایران میں سابق رہبرِ اعلیٰ اور ان کے اہلِ خانہ کی آخری رسومات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں عوامی حاضری اور الوداعی تقریبات کے لیے تہران کے مرکزی مذہبی و ثقافتی مرکز امام خمینی مصلیٰ کے دروازے عوام کے لیے کھول دیے گئے ہیں۔
سرکاری شیڈول کے مطابق مصلیٰ کے دروازے 5 جولائی کی رات 8 بجے تک کھلے رہیں گے، جبکہ نمازِ جنازہ کل صبح ادا کی جائے گی۔ 6 جولائی کو تہران میں مرکزی جنازے کا جلوس نکالا جائے گا۔
بعد ازاں 7 جولائی کی شام میت کو عراق کے شہر نجف منتقل کیا جائے گا، جہاں 8 جولائی کو صبح 6 بجے جنازے کا جلوس نکالا جائے گا۔ اسی روز کربلا میں سہ پہر 4 بجے بھی الوداعی جلوس منعقد ہوگا۔
شیڈول کے مطابق آخری مرحلے میں 9 جولائی کو سابق رہبرِ اعلیٰ کی تدفین مشہد میں واقع روضۂ امام رضاؑ میں کی جائے گی، جہاں ہزاروں عقیدت مندوں کی شرکت متوقع ہے۔