تصوف محض ایک مذہبی مکتبِ فکر یا خانقاہی سلسلہ نہیں، بلکہ ایک گہرا روحانی تجربہ، قلبی واردات اور انسانی وجود کی تکمیل کی جستجو کا نام ہے۔ ہر دور کے صوفی، اپنے زمانے، زبان اور شعور کے مطابق اس تجربے کو بیان کرتے رہے ہیں۔ فارسی اور اردو شاعری میں مولانا جلال الدین رومی، میرزا عبدالقادر بیدل اور مرزا اسد اللہ خاں غالب تین ایسی شخصیات ہیں جنہوں نے تصوف کو نہ صرف اپنے فکر و فن کا مرکز بنایا بلکہ اسے ایک شعری اور فکری جہت عطا کی۔ یہ تینوں شعرا تین مختلف تہذیبی، تاریخی اور فکری پس منظر رکھتے ہیں۔ رومی تیرہویں صدی کا صوفی ہے، جو عشق اور وجد کی روشنی میں خدا کو پاتا ہے۔ بیدل سترہویں صدی کا پیچیدہ فکر رکھنے والا شاعر ہے، جو معرفت، وحدت الوجود اور رمزیت کے ذریعے حقیقت کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش کرتا ہے۔ جبکہ غالب انیسویں صدی کا جدید شعور رکھنے والا شاعر ہے، جو عقل، شک، جمالیات اور انفرادی روحانیت کے امتزاج سے ایک منفرد صوفیانہ زاویہ پیش کرتا ہے۔
مولانا رومی کا تصورِ تصوف عشقِ حقیقی کے گرد گھومتا ہے۔ ان کے نزدیک عشق نہ صرف روح کی پاکیزگی کا ذریعہ ہے، بلکہ وہی واحد راستہ ہے جو انسان کو خدا تک پہنچا سکتا ہے۔ رومی کی مثنوی معنوی کو اگر فارسی زبان کا قرآن کہا گیا ہے تو اس کی وجہ یہی ہے کہ اس میں عشق، معرفت، فقر، فنا اور انسان کی باطنی دنیا کا تفصیلی بیان موجود ہے۔ رومی کے مطابق عشق وہ آگ ہے جو انسان کے اندر ہر غیرِ خدا کو جلا کر راکھ کر دیتی ہے۔ رومی کے ہاں عشق وجدانی بھی ہے، انقلابی بھی، اور تطہیری بھی۔ ان کے نزدیک تصوف وہ دریا ہے جس میں سالک کو اپنے نفس کو ڈبو کر فنا ہونا پڑتا ہے، تا کہ وہ حقیقی وجود یعنی خدا سے جُڑ سکے۔ رومی کا خدا قاہر و جبار نہیں بلکہ محبوب ہے۔ وہ خدا سے مکالمے میں ہے، اس سے شکوہ کرتا ہے، محبت کرتا ہے اور اس کے وصال کی تمنا میں جلتا ہے۔ ان کا تصوف محض خانقاہی ریاضت نہیں بلکہ ایک روحانی وجد، موسیقیت، رقص اور داخلی نورانیت کا جمالیاتی اظہار ہے۔
اگر رومی عشق کی آندھی ہے تو بیدل ایک خاموش، گہرا دریا ہے جس کی سطح پر کچھ نہ ہو لیکن تہہ میں رموز و اسرار کی دنیا آباد ہے۔ بیدل کا تصوف وحدت الوجود، معرفتِ نفس اور فلسفیانہ غور و فکر کے ساتھ وابستہ ہے۔ وہ ابن عربی کی فکری روایت سے متاثر ہیں، اور کائنات کو خدا کی تجلی سمجھتے ہیں۔ بیدل کا نظریہ وہی ہے جو تصوف کے بنیادی ستون من عرف نفسہ فقد عرف ربہ سے مطابقت رکھتا ہے۔ بیدل کے ہاں خدا ذات سے باہر نہیں بلکہ انسان کے باطن میں پوشیدہ ہے، مگر اس تک رسائی خودی کے حجاب کو چاک کرنے سے ہی ممکن ہے۔ بیدل کی زبان گہری، دقیق اور تمثیلی ہے۔ ان کے ہاں آئینہ، سایہ، دھواں، ذرہ اور عکس جیسی علامتیں بار بار آتی ہیں، جو اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہیں کہ کائنات دراصل حقیقتِ مطلقہ کا انعکاس ہے، نہ کہ خود حقیقت۔ ان کے تصوف میں وصل ایک مکمل حقیقت نہیں بلکہ ایک سوالیہ کیفیت ہے۔ وہ ہر مقام پر شک کے پردے میں یقین تلاش کرتے ہیں، اور یہی چیز انہیں روایتی صوفیا سے ممتاز کرتی ہے۔ بیدل کے ہاں تصوف، بے خودی سے زیادہ باخودی کا راستہ ہے ایک ایسی خودی جو نفس کی نہیں بلکہ ذاتِ حق کی طرف رجوع کرنے والی ہو۔
مرزا غالب کو عام طور پر صوفی شاعر نہیں سمجھا جاتا، لیکن ان کے ہاں جو فکری، روحانی اور وجودی سوالات اٹھتے ہیں، وہ انہیں ایک فکری صوفی کے درجے پر فائز کرتے ہیں۔ غالب کا تصوف عشق اور فقر کے روایتی سانچوں سے الگ ہے۔ وہ شک کے دائرے میں داخل ہو کر سچ کی تلاش کرتے ہیں اور اسی میں ان کی صداقت پوشیدہ ہے۔ غالب ایک ایسے تصورِ توحید کی بات کرتے ہیں جو مذہبی اور ثقافتی رسوم سے آزاد ہو۔ ان کا خدا مذہبی مولوی کے بتائے ہوئے خدا سے مختلف ہے وہ ایک ایسے محبوب کی صورت میں سامنے آتا ہے جس سے شاعر کی ذاتی وابستگی ہے، جس سے وہ سوال کرتا ہے، ناراض ہوتا ہے اور کبھی اسے مناتا ہے۔ غالب کے ہاں عشق، عقل اور خودی تینوں عناصر بیک وقت موجود ہیں۔ وہ نہ تو مکمل مجذوب ہیں، نہ ہی مکمل زاہد۔ ان کی شخصیت ایک سوالی شعور کی حامل ہے جو کائنات کیا ہے؟ انسان کیا ہے؟ خدا کیا ہے؟ جیسے سوالات کو شاعری کا حصہ بناتی ہے۔
رومی، بیدل اور غالب تینوں کے ہاں تصوف ایک ایسی حقیقت ہے جو انسان کو اس کی ظاہری ہستی سے نکال کر باطن کی طرف لے جاتی ہے۔ فرق صرف زاویہِ نگاہ کا ہے۔ رومی جذب و وجد کی بات کرتے ہیں، بیدل تجرید اور وحدت کے فلسفے میں غرق ہیں، اور غالب عقل و عشق کے باہمی تصادم میں ایک انفرادی صوفیانہ فکر کو جنم دیتے ہیں۔ جدید انسان مادیت، خود غرضی، اور ذہنی الجھنوں کے ایک بھنور میں پھنسا ہوا ہے۔ ایسے میں رومی، بیدل اور غالب کا تصوف ہمیں وہ باطنی روشنی دے سکتا ہے جس سے ہم اپنی اصل حقیقت، اپنی روح، اور اپنے خالق سے جڑ سکتے ہیں۔ رومی ہمیں سکھاتے ہیں کہ دل کو عشق سے منور کرو، کیونکہ جو جلتا نہیں، وہ دل نہیں۔ بیدل بتاتے ہیں کہ ہر چیز میں خدا کی تجلی تلاش کرو، مگر پہلے اپنے آئینے کو صاف کرو۔ غالب ہمیں عقل اور سوال کے ذریعے حقیقت کی تلاش کا درس دیتے ہیں اور یہی جدید شعور کی ضرورت بھی ہے۔ رومی، بیدل اور غالب تینوں کا تصوف مختلف ہو کر بھی ایک جیسا ہے، کیونکہ ان سب کی آخری منزل وصالِ حق ہے۔ وہ راہیں جدا جدا سہی، مگر مسافر ایک ہی منزل کے ہیں۔ ان کے ہاں تصوف صرف عبادات، ریاضت یا وجد نہیں بلکہ ایک باطنی بیداری، شعوری انقلاب اور اخلاقی کمال ہے۔ یہ تینوں شعرا ہمیں یہ سکھاتے ہیں کہ خدا کو پانے کے لیے نہ صرف ظاہری مذہب، بلکہ باطن کی صفائی، قلب کی روشنی اور عقل کی جستجو بھی ضروری ہے۔ ان کا کلام آج کے انسان کے لیے چراغِ راہ ہے بس شرط یہ ہے کہ ہم ان کی شاعری کو صرف پڑھیں نہیں، بلکہ سمجھیں، جذب کریں، اور اس پر عمل کریں۔
رومی، بیدل اور غالب: تصوف کے تین دریچے
09:10 AM, 5 Jul, 2025