اسلام آباد : صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کا عزم پورے ملک کا ہے اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز جاری رہیں گے۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز کی بہادری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ 30 دہشت گردوں کو مارنا بہت بڑی کامیابی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی دراندازی ناکام بنانے پر فورسز کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کی فوج ملک کی حفاظت کے لیے فولادی دیوار کی طرح مضبوط ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متحد ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی سرحد پر دہشت گردوں کی کوشش ناکام بنانے پر فورسز کو خراج تحسین دیا اور کہا کہ دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانا ہماری بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔