لاہور : لاہور کی سٹی ٹریفک پولیس نے محرم کے 9 اور 10 تاریخ کو شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور عزاداروں کی سہولت کے لیے ایک مکمل پلان تیار کر لیا ہے۔ سی ٹی او ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق اس دوران لاہور بھر میں 600 سے زائد مجالس اور 117 جلوس نکالے جائیں گے، جن کے لیے سخت اور منظم انتظامات کیے گئے ہیں۔
یوم عاشورہ کے موقع پر نثار حویلی سے مرکزی جلوس برآمد ہو کر روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پر ختم ہوگا۔ اس کے علاوہ پانچ بڑے جلوس دیگر علاقوں سے بھی نکلیں گے جن میں پانڈو سٹریٹ، خیمہ سادات، قصرِ بتول شادمان، نبی پور شیعاں اور ماڈل ٹاؤن کے جلوس شامل ہیں۔
ٹریفک پولیس نے جلوسوں کی روانی کے لیے پارکنگ اور متبادل راستوں کا تفصیلی جائزہ لیا ہے اور تقریباً 400 ٹریفک انسپکٹرز اور 2200 اہلکار ڈیوٹی پر تعینات کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ، تمام جلوسوں کی نگرانی دو زونل ایس ایس پی، چار ڈویژنل ایس پی اور 21 ڈی ایس پیز کریں گے۔
ایمرجنسی گاڑیوں کے لیے بھی راستے کھلے رکھنے کا خاص انتظام کیا گیا ہے تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس ممکن ہو سکے۔ سی ٹی او نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا اور موبائل ایپس کے ذریعے ٹریفک کی تازہ صورتحال سے باخبر رہیں اور ہیلپ لائن نمبر 15 پر کسی بھی مدد کے لیے رابطہ کریں۔
ٹریفک پولیس نے ہدایت کی ہے کہ شہری اپنے سفر کو محفوظ بنانے کے لیے ٹریفک قوانین اور ایڈوائزری پر عمل کریں جبکہ مشکوک اشیا اور افراد کی اطلاع دینے میں بھی تعاون کریں۔ امن و امان کے لیے پولیس اور دیگر ادارے مکمل تعاون کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔