ملک کے مختلف علاقوں میں 6 سے 10 جولائی تک موسلا دھار بارش، آندھی اور طوفان کا خدشہ، شہری علاقوں میں سیلاب کی وارننگ

10:56 AM, 4 Jul, 2025

اسلام آباد : نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ 6 سے 10 جولائی کے دوران ملک بھر میں تیز بارش، آندھی اور طوفان کا امکان ہے، جس کی وجہ سے کئی شہروں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

پنجاب کے اہم شہروں جیسے اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، اٹک اور جہلم میں طوفان کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ خیبر پختونخوا کے پشاور، دیر، سوات، چترال اور کوہستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بلوچستان کے کوئٹہ، ژوب، زیارت اور قلات میں بھی بادل برس سکتے ہیں۔

مظفر آباد، وادی نیلم اور راولا کوٹ میں شدید بارش کا امکان ہے جبکہ سندھ کے میرپورخاص، عمرکوٹ، ٹھٹہ، بدین، گھوٹکی، خیرپور، شکارپور، لاڑکانہ، جیکب آباد اور دادو میں بھی موسلا دھار بارش کی توقع ہے۔ کراچی میں بھی ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ایک نیا مون سون سسٹم کل سے ملک میں داخل ہوگا، جس سے بارشیں اور تیز ہوائیں مزید بڑھ جائیں گی۔ اس سے گرمی سے کچھ آرام ملے گا، لیکن شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی سخت ہدایت کی گئی ہے تاکہ نقصانات سے بچا جا سکے۔

گزشتہ رات بھی کلر کہار، پنڈی بھٹیاں، سانگلہ ہل، چکوال، مظفر گڑھ اور پیر محل میں موسلا دھار بارش ہوئی، جس کی وجہ سے کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، جبکہ کراچی میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

مزیدخبریں