امن کے نوبل انعام کےلیے بہترین امیدوار ہوں ،ڈونلڈ ٹرمپ

10:18 AM, 4 Jul, 2025

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ امن کے نوبل انعام کے بہترین امیدوار ہیں۔ آئیوا میں امریکا کے قومی دن کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے، ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے پانچ ممالک کو جنگ میں جانے سے روکا۔ ان کے مطابق، انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ کی صورتحال کو ٹالا، کوسوو اور سربیا کو لڑائی سے بچایا اور کانگو اور روانڈا کے درمیان 30 سال سے جاری جنگ کا خاتمہ کرایا۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ جب پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کی صورتحال بنی تو انہوں نے دونوں ملکوں کو کہا کہ اگر جنگ ہوئی تو وہ تجارت نہیں کریں گے، کیونکہ دونوں ممالک کے پاس ایٹمی ہتھیار ہیں۔

اپنے اگلے صدارتی دور کے حوالے سے ٹرمپ نے عندیہ دیا کہ وہ مزید چار سال کے لیے صدر بنیں گے اور امریکی فوج کی طاقت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی فوج دنیا کی سب سے طاقتور فوج ہے اور ان کے طیاروں نے 37 گھنٹے بغیر کسی توقف کے پرواز کی۔

انہوں نے اپنی پچھلی مدت کے دوران معیشت کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دور میں معیشت بہترین حالت میں تھی اور اب بھی امریکی سٹاک مارکیٹ بہترین کارکردگی دکھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ امریکا کو دوبارہ "مضبوط، محفوظ اور عظیم ترین" بنائیں گے۔

ٹرمپ نے ایران کی جوہری تنصیبات کو مٹانے کا بھی دعویٰ کیا اور کہا کہ ان کی حکومت نے سرحد پر غیر قانونی داخلے کو مکمل طور پر روک دیا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر امریکی تاریخ کے سب سے بڑے ڈیپورٹیشن پلان کا بھی اعلان کیا۔

آخر میں، ٹرمپ نے نوبل انعام کے حوالے سے طنزیہ انداز میں کہا کہ "ایک سکول کے پروفیسر کو امن کا نوبل انعام دیا جائے گا جسے آپ جانتے بھی نہیں ہیں۔"

مزیدخبریں