حکومت بلا تفریق عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے ،ستھرا پنجاب منصوبے کی بدولت دیہاتوں میں صفائی کے نظام میں بہتری آئی :رانا ثنا اللہ

06:20 PM, 4 Jan, 2026

فیصل آباد :فیصل آباد میں مشیر وزیراعظم سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں کئی سڑکیں مکمل ہو چکی ہیں اور فیصل آباد میں 29 کلومیٹر کی نئی سڑک منظور ہو گئی ہے، جس سے شہریوں کی آمدورفت آسان ہوگی۔ مزید برآں، ایک ارب روپے مالیت کی سڑک کا کام بھی جلد شروع ہو جائے گا۔

رانا ثنا اللہ نے گیس کے منصوبے کا بھی افتتاح کیا اور کہا کہ ملک میں سوئی گیس ختم ہو رہی ہے، جس کے لیے قطر کے ساتھ معاہدہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آر ایل این جی مہنگی ہے، تاہم گھریلو سلنڈر استعمال کرنے والے صارفین کے لیے یہ سستی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بلا تفریق عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور ہر پاکستانی کے جائز حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔ ستھرا پنجاب منصوبے کی بدولت دیہاتوں میں صفائی کے نظام میں بہتری آئی ہے اور دانش اسکولوں کے قیام سے تعلیم کا معیار بہتر ہوا ہے۔

رانا ثنا اللہ نے ن لیگ کے دور کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بڑے ترقیاتی منصوبوں کے پیچھے ہمیشہ ن لیگ کا نام ہوگا اور وزیراعظم شہباز شریف کا وژن ملک کی تعمیر و ترقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجرموں اور ملک کو نقصان پہنچانے والوں کے ساتھ سخت رویہ اپنایا جائے گا۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب میں ترقی کا سفر جاری ہے اور حکومت ہر شہری کے لیے بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

مزیدخبریں