سردی کی شدت میں اضافہ، بالائی علاقوں میں برفباری، میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک

09:17 AM, 4 Jan, 2026

استور:ملک کے مختلف حصوں میں سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ استور اور ہنزہ کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے جس کے باعث نظامِ زندگی متاثر ہو رہا ہے، جبکہ گلگت میں خشک سردی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مالم جبہ میں سورج نکلنے کے بعد موسم خوشگوار ہونے پر سیاحوں کی بڑی تعداد نے تفریحی مقامات کا رخ کیا۔ ایبٹ آباد کے مختلف علاقوں میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث سردی کی لہر مزید تیز ہو گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے بھی نیچے گر گیا ہے۔ قلات میں منفی 6، سکردو منفی 5، استور منفی 4، کوئٹہ منفی 3، دیر اور مالم جبہ منفی 2 جبکہ راولاکوٹ، گلگت اور ہنزہ میں منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

مری میں درجہ حرارت صفر، چترال 1، مظفرآباد اور ایبٹ آباد 3، اسلام آباد، راولپنڈی اور چکوال 4، لاہور 7، پشاور 8 جبکہ کراچی میں 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث سرد موسم برقرار ہے۔

مزیدخبریں