کوئٹہ: آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ کا اہم دورہ کیا، جس کا مقصد مادرِ وطن کے دفاع کے عزم کو جلا بخشنا اور سکیورٹی صورتحال کا براہِ راست جائزہ لینا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کو دی گئی بریفنگ میں انکشاف کیا گیا کہ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں نے بلوچستان کے امن و ترقی کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش کی، جسے سکیورٹی فورسز کے فوری اور جارحانہ ردعمل نے ناکام بنا دیا۔ آرمی چیف نے ہدایت دی کہ ریاستی رٹ کو مزید مستحکم کرنے اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔
فیلڈ مارشل نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف برسرِ پیکار رہتے ہوئے زخمی ہونے والے پاک فوج، ایف سی اور پولیس کے جوانوں سے ملاقات کی۔ آرمی چیف نے جوانوں کے بلند حوصلوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مادرِ وطن کے لیے دی جانے والی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔غیر ملکی اسپانسرڈ دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گی۔
فیلڈ مارشل نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے اپنی جانوں پر کھیل کر دشمن کے ناپاک عزائم کو مٹی میں ملا دیا۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا۔
ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والے معافی کے مستحق نہیں، دہشت گردی کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
10:23 PM, 4 Feb, 2026