اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اپوزیشن کے ساتھ محاذ آرائی ختم کرنے کے لیے ایک بڑی سفارتی پیش قدمی کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سیاسی ڈیڈ لاک توڑنے کے لیے خود اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں جا کر ان سے ملاقات کریں گے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے حکومتی حکمتِ عملی کے اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ اپوزیشن کے ساتھ صرف سیاسی اختلافات ہیں، ذاتی دشمنی نہیں۔ تمام متنازع معاملات مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر حل کیے جا سکتے ہیں۔واضح رہے کہ وزیراعظم اور اپوزیشن کے درمیان اس رابطے کی بحالی میں رانا ثناء اللہ نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنی اقتصادی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے تمام جائز مطالبات فی الفور پورے کیے جائیں۔
طارق فضل چوہدری کے مطابق شہباز شریف کا ماننا ہے کہ ملکی ترقی کے لیے اپوزیشن کو انگیج (Engage) کرنا اور پارلیمانی روایات کو زندہ رکھنا ضروری ہے، اسی لیے انہوں نے خود اپوزیشن لیڈر کے پاس جانے کا بڑا قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سیاسی برف پگھلنے کے اشارے ،وزیراعظم کا اپوزیشن لیڈر کے پاس خود جانے کا فیصلہ
09:17 PM, 4 Feb, 2026