کل یومِ یکجہتی کشمیر اور جمعہ کو بلوچستان دہشت گردی کے خلاف 'یومِ مذمت' منایا جائے گا:پاکستان علماء کونسل کا بڑا اعلان

04:15 PM, 4 Feb, 2026

لاہور: پاکستان علماء کونسل کی مرکزی اپیل پر ملک بھر میں کل 'یومِ یکجہتی کشمیر' منانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی، 6 فروری بروز جمعہ کو بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے خلاف ملک گیر سطح پر 'یومِ مذمت' منانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

ونسل کے مطابق کل نمازِ فجر کے فوری بعد ملک کے گوشے گوشے میں مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے رقت آمیز دعائیں مانگی جائیں گی۔ تمام بڑے شہروں کی مساجد اور مدارس میں کشمیر کانفرنسیں اور سیمینارز منعقد کیے جائیں گے، جن میں مسئلہ کشمیر کے حل اور بھارتی مظالم کو اجاگر کیا جائے گا۔  جمعۃ المبارک کو بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف بھرپور آواز اٹھائی جائے گی۔
    تمام مساجد میں پاک فوج، بلوچستان پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔عوام الناس کو ہندوستان اور اسرائیل سمیت پاکستان دشمن قوتوں کے گٹھ جوڑ اور ان کے مذموم عزائم سے آگاہ کیا جائے گا تاکہ داخلی محاذ پر بیداری پیدا کی جا سکے۔
 پاکستان علماء کونسل کے قائدین کا کہنا ہے کہ یہ وقت قوم کے متحد ہونے کا ہے۔ ہم اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور اپنے محافظ اداروں کی قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

مزیدخبریں