واشنگٹن : امریکی نشریاتی ادارے 'سی این این' نے پاکستان کے اس موقف پر مہرِ تصدیق ثبت کر دی ہے کہ افغانستان میں امریکی انخلا کے بعد بچ جانے والا جدید ترین اسلحہ اب خطے کی سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ بن چکا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، سابق افغان فوج کے لیے فراہم کیا گیا جدید امریکی اسلحہ اب پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں کھلے عام استعمال ہو رہا ہے۔
سابق امریکی انسپکٹر جنرل برائے افغان ری کنسٹرکشن، جان سوپکو کے مطابق تقریباً 3 لاکھ امریکی ساختہ ہتھیار افغانستان میں رہ گئے تھے۔کالعدم ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کے دہشت گرد نائٹ ویژن، جدید سنائپر گنز اور مشین گنز استعمال کر رہے ہیں، جس کے ثبوت جنوبی وزیرستان اور بلوچستان کے حالیہ حملوں میں ملے ہیں۔رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ دہشت گردوں کی ان ہتھیاروں تک رسائی صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ چین اور ایران کے لیے بھی ایک بڑا سکیورٹی چیلنج بن چکی ہے۔
سی این این کی اس رپورٹ نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کے سرحدی علاقوں میں سکیورٹی خدشات میں اضافے کی بڑی وجہ یہی جدید امریکی ہتھیار ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی تک دہشت گردوں کی رسائی نے خطے کے ممالک کے لیے دفاعی مشکلات میں غیر معمولی اضافہ کر دیا ہے۔
افغانستان میں چھوڑا گیا امریکی اسلحہ پاکستان میں دہشت گردی کا ایندھن بن گیا؛عالمی میڈیا کا اعتراف
04:04 PM, 4 Feb, 2026