اسلام آباد : پاکستان اور کمبوڈیا نے اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ اس سلسلے میں چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی کی کمبوڈیا کے بادشاہ نوردوم سیہامونی سے ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مختلف جہتوں پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں سید یوسف رضا گیلانی نے کمبوڈیا کی قیادت اور عوام کو ترقی، استحکام اور قومی ہم آہنگی کی کامیابی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون، تجارتی تعلقات اور علاقائی رابطہ کاری بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
چیئرمین سینیٹ نے 2016 کے پاک-کمبوڈیا پارلیمانی معاہدے پر عمل درآمد کو اہم قرار دیتے ہوئے کمبوڈیا کی انٹر پارلیمانی اسپیکرز کانفرنس میں شرکت کا خیرمقدم کیا۔ اس کے علاوہ، دفاع، معیشت اور ماحولیاتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے گندھارا تہذیب سے جڑے بدھ مت ورثے کے فروغ پر بھی اتفاق کیا، جس سے دونوں قوموں کے ثقافتی تعلقات مزید مضبوط ہو سکتے ہیں۔ سید یوسف رضا گیلانی نے جنوبی ایشیا میں کمبوڈیا کے ساتھ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ کمبوڈیا خطے میں امن، استحکام اور کثیر الجہتی تعاون کا اہم حصہ ہے۔