لاہور : پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج کینسر کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ ہر سال 4 فروری کو منایا جانے والا یہ دن کینسر کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے اور اس بیماری کے خلاف احتیاطی تدابیر، جلد تشخیص اور علاج کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے مخصوص ہے۔
کینسر کے خلاف عالمی سطح پر بیداری بڑھانے اور اس پر کارروائی کرنے کے لیے یہ دن ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق، کینسر دنیا میں تیزی سے پھیلنے والی بیماریوں میں شامل ہو چکا ہے اور 2032 تک اس کے مریضوں کی تعداد 2.5 کروڑ تک پہنچنے کا خطرہ ہے۔ ہر سال تقریباً 8 لاکھ افراد اس مرض کی وجہ سے اپنی جان گنوا دیتے ہیں۔
پاکستان میں کینسر کی صورتحال خاص طور پر تشویشناک ہو چکی ہے، جہاں ہر سال تقریبا 3 لاکھ افراد کینسر کا شکار ہو جاتے ہیں۔ اس دن کا مقصد عالمی سطح پر کینسر کے مریضوں کے لیے بہتر تشخیص، علاج اور اتحاد کی ضرورت پر زور دینا ہے۔
کینسر کے عالمی دن کا پیغام یہ ہے کہ ہمیں اس مرض کی علامات کو سمجھنا چاہیے، صحت مند زندگی گزارنی چاہیے اور بروقت علاج کروا کر اپنی زندگی بچانی چاہیے۔