لاہور میں بسنت کی تیاریاں، پتنگوں اور ڈور کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

01:11 PM, 4 Feb, 2026

لاہور : لاہور میں بسنت کی تقریبات کی تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں اور پتنگوں اور ڈور کی خریداری میں تیزی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ اس وجہ سے قیمتوں میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے۔ دکاندار اب اپنی مرضی کے دام وصول کر رہے ہیں، ایک تاوا گڈا 300 سے 400 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ ڈیڑھ تاوا گڈا 500 سے 600 روپے کا ہو چکا ہے۔ چھوٹا گڈا بھی 200 سے 300 روپے تک پہنچ گیا ہے۔

پتنگوں کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ، ڈور کا بھی یہی حال ہے۔ 2 پیس ڈور کا پنہ اب 10 ہزار سے 12 ہزار روپے میں بک رہا ہے، جبکہ ایک پیس ڈور کا پنہ 4500 سے 5000 روپے تک دستیاب ہے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پتنگوں اور ڈور کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے تاکہ لوگوں کو اضافی مالی بوجھ نہ اٹھانا پڑے۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بسنت کے دوران شہریوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ لاہور میں اس سال 34 کروڑ روپے کی پتنگیں فروخت ہو چکی ہیں، اور قیمتوں کے بارے میں شکایات کا سامنا بھی ہو رہا ہے۔ حکومت ڈیمانڈ اور سپلائی کے درمیان توازن قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ عوام کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو۔

مزیدخبریں