ایپل کی جانب سے فولڈ ایبل آئی فون: ڈیزائن اور خصوصیات کی تفصیلات سامنے آگئیں

04:54 PM, 4 Feb, 2026

کیلیفورنیا : ایپل کے فولڈ ایبل آئی فون کے بارے میں نئی لیک کی تفصیلات سامنے آئی ہیں، جس کے مطابق یہ فون جلد ہی متعارف کرایا جا سکتا ہے۔ اس فون کا ڈیزائن اور خصوصیات پہلے سے موجود آئی فونز سے مختلف ہوں گی۔

رپورٹ کے مطابق، اس فولڈ ایبل آئی فون کا کیمرا ڈیزائن آئی فون ائیر سے ملتا جلتا ہوگا، لیکن یہ مکمل طور پر بلیک ہوگا اور اس میں 2 کیمرے، ایک مائیکرو فون اور فلیش شامل ہونے کا امکان ہے، جس سے یہ آئی پیڈ پرو کی طرح دکھائی دے گا۔

فون کے بٹنوں کی جگہ بھی روایتی آئی فونز سے مختلف ہوگی۔ والیوم بٹن کو اوپر دائیں کونے میں منتقل کیا جائے گا، جیسا کہ آئی پیڈ منی میں ہے۔ ٹچ آئی ڈی کو پاور بٹن میں شامل کیا جائے گا، اور کیمرا کنٹرول بٹن دائیں کونے پر ہوگا۔ اس کے علاوہ، فون کے بائیں طرف کوئی بٹن نہیں ہوگا تاکہ اسے فولڈ اور ان فولڈ کرتے وقت استعمال میں آسانی ہو۔

فرنٹ پر ایک چھوٹا سا ڈائنامک آئی لینڈ ڈیزائن والے فرنٹ کیمرا کی توقع ہے، اور فیس آئی ڈی کو اس ڈیوائس کا حصہ نہیں بنایا جائے گا، جو اس فون کو موجودہ فولڈ ایبل فونز سے الگ کرے گا۔

جب فون فولڈ نہیں ہوگا تو اس کا 7.8 انچ کا ڈسپلے ہوگا، اور جب یہ بند ہو گا تو 5.5 انچ کی اسکرین دکھائی دے گی۔ اس میں ایپل کا A20 پرو چپ اور 5500 ایم اے ایچ کی بیٹری دی جائے گی۔

یہ فولڈ ایبل آئی فون 2026 میں آئی فون 18 پرو ماڈلز کے ساتھ متعارف کرایا جائے گا، اور اس کی ابتدائی قیمت 2400 ڈالرز ہو سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ایپل کی جانب سے ایک فلپ اسٹائل آئی فون بنانے کی بھی رپورٹس آئی ہیں۔

مزیدخبریں