مریم نواز کی صوبے میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک نیا منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت

01:31 PM, 4 Dec, 2025

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک نیا منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کوڑے کرکٹ سے توانائی پیدا کرنے کا جامع پلان تیار کیا جائے تاکہ صفائی کے مسائل کے ساتھ ساتھ توانائی کے بحران پر بھی قابو پایا جا سکے۔

مریم نواز کی زیر صدارت "ستھرا پنجاب" کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں صفائی کے نظام میں بہتری لانے کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ "پنجاب میں صفائی کا یہ وسیع نظام کسی معجزے سے کم نہیں، لیکن ہم اسے مزید بہتر بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔"

اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں صفائی کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیاں اب ماحول دوست الیکٹرک گاڑیاں ہوں گی تاکہ فضائی آلودگی کو کم کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ، کمرشل ایریاز اور سڑکوں پر کوڑا کرکٹ پھینکنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور انہیں جرمانے کی سزا دی جائے گی۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ "شہروں اور دیہات میں صفائی کا ایسا نظام برسوں پہلے ہونا چاہیے تھا، مگر ہم نے صفر سے اس کا آغاز کیا ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ ستھرا پنجاب پروجیکٹ میں مسلسل بہتری آ رہی ہے، اور عوام کا اچھا ردعمل بھی ہمیں مزید حوصلہ دے رہا ہے۔"

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ "پنجاب بھر میں ستھرا پنجاب پروجیکٹ کے تحت عوام کی جانب سے مثبت فیڈبیک مل رہا ہے، اور ہم اس منصوبے کو مزید کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔" ان کا کہنا تھا کہ صفائی کے نظام کو مزید جدید اور مؤثر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا تاکہ عوام کو ایک صاف ستھرا اور صحت مند ماحول مل سکے۔

مزیدخبریں