"کولڈ مون" 4 دسمبر کو طلوع ہوگا، سرد موسم میں چاند کی چمک

12:43 AM, 4 Dec, 2025

اسلام آباد:  رواں سال کا آخری سپر مون 4 دسمبر کو چمکدار انداز میں نظر آئے گا، جو 2025 کا تیسرا اور سب سے بڑا فل مون ہوگا۔ اس سپر مون کو "کولڈ مون" بھی کہا جاتا ہے کیونکہ یہ سال کے سرد ترین اور کم روشنی والے مہینوں میں ظاہر ہوتا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، سپر مون شام کے وقت مشرق کی سمت سے طلوع کرے گا اور رات بھر آسمان پر سب سے بلند دکھائی دے گا۔ سپر مون اس وقت وقوع پذیر ہوتا ہے جب چاند زمین کے قریب ترین نقطے (پیریجی) پر پہنچ جاتا ہے، جس کی وجہ سے وہ معمول کے فل مون کے مقابلے میں زیادہ بڑا اور روشن نظر آتا ہے۔

ماہرین کے مطابق، یہ سپر مون پچھلے سپر مونز سے بڑا ہوگا اور صاف راتوں میں آسمان پر نمایاں طور پر دکھائی دے گا۔ یونیورسٹی آف ہرٹ فورڈ شائر کے فلکیات کے ماہر ولیم آلسٹن نے بتایا کہ جب چاند افق کے قریب ہوتا ہے، تو یہ بڑا دکھائی دیتا ہے، اور سپر مون کے دوران یہ اثر اور بھی واضح ہوتا ہے۔

پاکستانی اسپیس ایجنسی (اسپارکو) کے مطابق، اس سپر مون کا سائز عام فل مون سے تقریباً 7.9 فیصد بڑا اور اس کی روشنی 15 فیصد زیادہ ہوگی۔ یہ سپر مون مختلف مقامات پر مختلف اوقات میں نظر آئے گا۔ برطانیہ میں 3 دسمبر کی رات 11 بجے سے 11:30 بجے تک چاند دکھائی دے گا، جبکہ یورپ میں یہ 4 دسمبر کی رات 11 بجے سے 12 بجے کے درمیان طلوع ہوگا۔ شمالی اور مغربی امریکا میں یہ 3 دسمبر کی رات نظر آ سکتا ہے، اور چاند کا عروج 4 دسمبر کو شام سوا 6 بجے ہوگا۔

ماہرین نے بتایا ہے کہ صاف آسمان پر بغیر کسی خاص آلے کے بھی اس سپر مون کو دیکھا جا سکتا ہے، اور یہ 2025 کا آخری موقع ہوگا جب فلکیاتی شوقین اس غیر معمولی منظر سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
 
 

مزیدخبریں