نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اردن میں یروشلم سے متعلق وزارتی اجلاس میں شریک ہوں گے

07:20 PM, 4 Aug, 2026

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار آج رات اردن کے دارالحکومت عمان کے لیے روانہ ہوں گے، جہاں وہ بدھ کو یروشلم کی صورتحال سے متعلق منعقد ہونے والے وزارتی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

اسحاق ڈار کا دورہ اردن کے وزیر خارجہ ایمن الصفدی کی دعوت پر ہو رہا ہے۔ اجلاس میں عرب لیگ کے رکن ممالک اور مختلف اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے، جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔

وزارت خارجہ کے مطابق اجلاس کا مقصد مقبوضہ یروشلم میں پیدا ہونے والی تشویشناک صورتحال پر اسلامی اور عرب ممالک کے درمیان مشترکہ حکمت عملی طے کرنا اور ایک متفقہ مؤقف سامنے لانا ہے۔

اجلاس کے دوران شریک وزرائے خارجہ فلسطین کی تازہ صورتحال، خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور امن و سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

دورے کے دوران شریک وزرائے خارجہ اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین سے بھی ملاقات کریں گے اور علاقائی معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

اسحاق ڈار اجلاس کے موقع پر مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں فلسطین سمیت خطے کی موجودہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر معاملات پر بات چیت کی جائے گی۔

پاکستان کی جانب سے اس اجلاس میں شرکت فلسطینی عوام کے لیے اسلام آباد کی دیرینہ حمایت کا اظہار ہے۔ پاکستان ایک آزاد، خودمختار اور مکمل ریاست فلسطین کے قیام کا حامی ہے، جو 1967 سے قبل کی سرحدوں کے مطابق قائم ہو اور جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
 
 
 
 

مزیدخبریں