بیرون ملک جانے والے شہریوں کے لیے بڑی سہولت، پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ کا نظام آن لائن اور یکساں ہوگا

04:40 PM, 4 Aug, 2026

اسلام آباد: شہریوں کو پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ کے حصول میں آسانی فراہم کرنے کے لیے اہم فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملک بھر میں پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے لیے یکساں نظام کی اصولی منظوری دے دی۔

وزیر داخلہ کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹس نیشنل پولیس بیورو کے ذریعے جاری کیے جائیں گے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ کے حصول کا پرانا پیچیدہ طریقہ کار ختم کر کے اسے آسان، تیز اور مکمل طور پر آن لائن بنا دیا گیا ہے، جس سے شہریوں کو بروقت سہولت ملے گی۔

اجلاس میں انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹس کے اجرا کے لیے بھی ملک گیر یکساں نظام قائم کرنے کی ہدایت کی گئی۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ معیاری اور مربوط نظام کے ذریعے بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانی شہریوں کے لیے دستاویزی عمل مزید آسان ہو جائے گا۔

محسن نقوی نے نیشنل پولیس بیورو کو فعال اور متحرک ادارہ بنانے کو ترجیح قرار دیتے ہوئے پولیس شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

مزیدخبریں