کیلیفورنیا میں کتوں کی سالانہ سرفنگ چیمپئن شپ، منفرد مقابلے نے شائقین کو محظوظ کر دیا

01:45 PM, 4 Aug, 2026

کیلیفورنیا:  امریکا کی ریاست کیلیفورنیا میں منعقد ہونے والی سالانہ ورلڈ ڈاگ سرفنگ چیمپئن شپ میں مختلف نسلوں کے کتوں نے سرفنگ کی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حاضرین کی خوب داد سمیٹی۔

شمالی کیلیفورنیا کے شہر پیسیفیکا کے ساحل پر ہونے والے اس منفرد مقابلے میں چھوٹے اور بڑے کتوں نے اپنے مالکان کے ساتھ لہروں کا مقابلہ کیا۔ سینکڑوں تماشائی اس دلچسپ ایونٹ کو دیکھنے کے لیے ساحل پر موجود تھے۔

مقابلے کے دوران ججز نے کتوں کی کارکردگی کا جائزہ سرف بورڈ پر توازن برقرار رکھنے، لہروں پر سواری کے دورانیے اور مجموعی اعتماد کے ساتھ پیش کیے گئے مظاہرے کی بنیاد پر لیا۔

اپنے دسویں ایڈیشن میں داخل ہونے والی اس چیمپئن شپ کے ساتھ پالتو جانوروں کو گود لینے کی مہم اور مقامی فلاحی تنظیموں کے لیے فنڈ ریزنگ پروگرام بھی منعقد کیے گئے۔

ایونٹ میں رنگا رنگ لائف جیکٹس پہنے کتوں نے اپنے مالکان کی مدد سے سرف بورڈ پر لہروں کا رخ کیا اور کامیاب سرفنگ پر حاضرین نے تالیاں بجا کر ان کی حوصلہ افزائی کی۔

مقابلے میں شریک صوفیہ سیڈلووسکی نے بتایا کہ ان کے منی ایچر پنشر کتے رسٹی نے ابتدا میں محض تصاویر کے لیے سرف بورڈ پر کھڑا ہونا سیکھا، لیکن جلد ہی اسے سرفنگ کا شوق ہو گیا۔ ان کے بقول، پہلی مرتبہ لہر پر اترتے ہی رسٹی نے کامیاب سرفنگ کر کے سب کو حیران کر دیا۔

مزیدخبریں